ماڈل پولیس سٹیشن پراجیکٹ پر عملدرآمد کی رفتار تیز کی جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے آئی جی اسلام آباد سلطان اعظم تیموری کو ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد پولیس کو باقی صوبوں کے لئے قابل تقلید بنایا جائے، اسلام آباد میں ایماندار اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل افسران کو تعینات کیا جائے اور وفاقی دارالحکومت میں منشیات کے خلاف کریک ڈاون مزید تیز کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو آئی جی اسلام آباد سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ماڈل پولیس سٹیشن پراجیکٹ پر عملدرآمد کی رفتار تیز کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ اینٹی ریاٹ پولیس کی بھرتی فوری طور پر کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ٹریفک پولیس کے ذریعہ ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کی پابندی یقینی بنائی جائے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ پولیس اہلکار عام لوگوں سے اخلاق سے پیش آئیں اور ایس ایچ اوز کے لئے لیڈرشپ ٹریننگ کروائی جائے۔ لیڈی ایس ایچ اوز کی تقرری کی جائے اور خواتین پولیس کی حوصلہ افزائی کی جائے۔