آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کیس میں اسحاق ڈارکو اشتہاری قرار

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔ وکیل اسحاق ڈار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسحاق ڈار کی ایم آرآئی کا انتظار تھا۔ ان کے سینے میں اب بھی تکلیف ہے۔ مزید ٹیسٹ ہوں گے،نیب نے ابھی تک میڈیکل رپورٹ کی تصدیق نہیں کرائی۔ وارنٹ کی تعمیل لاہور کے ایڈریس پرکی گئی وہ وہاں نہیں رہتے۔ سپیشل پراسیکیوٹر نیب عمران شفیق نے کہا کہ ملزم کوتمام عدالتی کارروائی کا علم ہے۔ وارنٹ لندن بھجوانے کی ضرورت نہیں۔ ہر میڈیکل رپورٹ دوسری رہورٹ سے مختلف ہے۔ اسحاق ڈار کو دل کی کوئی تکلیف نہیں۔ سماعت کے دوران سابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب قاضی مصباح نے اسحاق ڈار کی طرف سے دلائل دینے کی اجازت طلب کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ عدالت نے اسحاق ڈارکواشتہاری قراردیتے ہوئے ضامن کو تین روز میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ ضمانتی مچلکے جمع نہ کرانے پر ضامن کی جائیداد ضبط کی جائے گی۔ اسحاق ڈار کو اثاثہ جات ریفرنس میں مسلسل غیر حاضر رہنے پر اشتہاری قرار دیا گیا۔ ریفرنس کی مزید سماعت جمعرات کو ہوگی۔