آپریشن ردالفساد, ڈیرہ بگٹی سے6دہشتگردگرفتار,پنجاب میں مشترکہ آپریشنز کے دوران بارہ سہولت کارپکڑ لیے۔بھاری اسلحہ اورگولہ بارود بھی برآمد
ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ بگٹی میں کامیاب کارروائیوں کے دوران چھ دہشت گرد گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی بلوچستان نے بلوچستان کے مختلف علاقوں رستم دربار، ڈیرہ بگٹی اور کلی دیبا میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران ڈیٹونیٹرز، مواصلاتی آلات سمیت اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب رینجرز نے بھی پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ پنجاب کے مختلف علاقوں راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں آپریشنز کیے۔ ان آپریشنز کے دوران بارہ سہولت کاروں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا