پنجاب فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں سویٹس پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ، کھلے رنگوں اور غیر معیاری گھی کے استعمال پر3 سیل جبکہ 12 کو بھاری جرمانے
ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر ) محمد عثمان کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے صوبہ بھر میں سویٹس پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ کرتے ہوئے کھلے رنگوں اور غیر معیاری گھی کے استعمال پر3 سیل جبکہ 12 کو بھاری جرمانے عائدکیے گئے۔مزید بہتری کے لیے 36 سویٹس پروڈکشن یونٹس کووارننگ نوٹسزبھی جاری کیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 59 سویٹس پروڈکشن یونٹس کی چیکنگ کرتے ہوئے مٹھائی کی تیاری میں ناقص فلیورز، کھلے رنگ، غیر معیاری گھی کے استعمال ، پروڈکشن ایریا میں واش روم کی موجودگی، کھلے کوڑا دان اور حشرات کی بھرمارپر3سویٹس پروڈکشن یونٹس کو سیل کر دیا ۔سابقہ دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے اورناقص انتظامات پر 12یونٹس کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔علاوہ ازیں مزید بہتری کے لیے 36 سویٹس پروڈکشن یونٹس کووارننگ نوٹس جاری کیے گئے جن پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہناتھا کہ زیادہ تر پروڈکشن یونٹس کا معیار تسلی بخش ہونا خوش آئند امر ہے۔کیپٹن (ر)محمد عثمان نے واضح کیا کہ چیکنگ کا مقصد فوڈ بزنس آپریٹرز کی اصلاح اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔اس حوالے سے خوراک کے کاروبار سے منسلک افراد پنجاب فوڈ اتھارٹی کنسلٹنسی سروس سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔