وزیراعظم کی تمام وزارتوں کواہداف کاحصول یقینی بنانے کی ہدایت
وزیراعظم عمران خان نے تمام وزارتوں کو موثر حکمت عملی کے ذریعے گزشتہ سو روز کے دوران طے کئے گئے اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔نو گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں 26 وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جبکہ باقی وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ بعد میں لیا جائے گا۔ اجلاس میں ہر تین ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ وزیراطلاعات چوہدری فوادحسین نے کابینہ کے اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ہر وزارت کومزیداہداف دیئے جائیں گے جو اسے مقررہ نظام الاوقات میں حاصل کرنا ہوںگے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے اجلاس کو بتایا کہ چالیس فیصدآبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کررہی ہے اور ملک کی غیر انسانی ترقی میں شرح نمو 43فیصدہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ کابینہ صورتحال میں بہتری لانے کی پابندہے۔عمران خان نے کہاکہ موجودہ حکومت نے انتہائی مشکل حالات میں اقتدارسنبھالا جب ملک کے مختلف محکموں میں ترقی کی رفتارانتہائی سست تھی۔انہوں نے کہاکہ ملک کی موجودہ صورتحال پرقابوپانے کے لئے غیرمعمولی اقدامات ناگزیرہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت غریب عوام کی زندگیوں میں تبدیلی لانے پرپختہ یقین رکھتی ہے جو اسے سابق حکومتوں سے ممتازبناتی ہے۔