فیصل آباد: الائیڈ اسپتال سے اغوا ہونے والا بچہ بازیاب، ملزم جوڑا گرفتار
فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کے الائیڈ اسپتال سے گزشتہ روز اغوا کیا جانے والا نومولود بچہ پولیس نے بازیاب کرکے ایک خاتون اور اس کے شوہر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق الائیڈ اسپتال سے گزشتہ روز ایک نومولود بچے کو اغوا کیا گیا تھا۔ اغوا کار خاتون نے خود کو اسپتال کے عملے کی ایک رکن ظاہر کیا تھا اور بچے کو ویکسینیشن کے بہانے اپنے ساتھ لے جاکر غائب ہوگئی تھی۔ بچے کے والدین کی جانب سے رپورٹ کرنے پر پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا اور سی سی ٹی وی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے مکہ سٹی ملکھانوالہ کے علاقے سے ملزمہ اور اس کے شوہر کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب ملزمان کے قبضے سے بازیاب ہونے والے بچے کو والدین کے حوالے کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے بچہ فروخت کرنے کے لیے اغوا کیا تھا، جن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔