اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کا یمن مذاکرات کے آئندہ دور میں تفصیلی امن منصوبہ پیش کرنے کا اعلان
اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے یمن مارٹن گریفتھس نے کہا ہے کہ وہ مذاکرات کے آئندہ دور میں یمن میں جاری بحران کے حل کے لیے ایک تفصیلی منصوبہ پیش کریں گے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق مارٹن گریفتھس نے گزشتہ روز سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں مذاکرات کے بعد نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ یمنی فریق آئندہ سال کے شروع میں مذاکرات کے ایک نئے دور کے انعقاد سے اتفاق کریں گے۔انھوں نے بتایا کہ ”ہم ہوائی اڈے کے تنازع پر دونوں فریقوں کے م¶قف میں خلیج کوکم کرنے کے لیے بھی کام کررہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ یمنی بحران کے حل کے لیے ایک روڈ میپ بہت ضروری ہے اور وہ سویڈن میں جاری ان مذاکرات میں کسی پیش رفت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم صرف معاہدے کے لیے نہیں بلکہ یمن پر ایک سمجھوتے کے لیے کام کر رہے ہیں۔عالمی ادارے کے ایلچی نے سویڈن میں جاری امن مذاکرات میں شریک دونوں فریقوں کو جنگ زدہ ملک میں قیام امن کے لیے ایک روڈ میپ تجویز کیا ہے۔اس کے تحت حوثی ملیشیا اور تمام مسلح گروپ یمن کے شہر الحدیدہ کی بندرگاہ کو خالی کردیں گے۔اقوام متحدہ نے اپنے طور پر فریقین میں اعتماد بحال کرنے کے اقدامات ، مذاکراتی فریم ورک اور تشدد میں کمی کو ایجنڈے میں سرفہرست رکھا ہے۔