چیف جسٹس کا سربراہ واٹر کمیشن کو کام جاری رکھنے کا حکم
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے سربراہ واٹر کمیشن جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم کو کام جاری رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔منگل کوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سربراہ واٹر کمیشن کی درخواست سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم کے استعفیٰ کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔چیف جسٹس نے سربراہ واٹر کمیشن کو 15 جنوری 2019 تک اپنا کام جاری رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر واٹر کمیشن کی مدت میں توسیع نہیں چاہتے ہیں۔کمیشن نے دو سال کے دوران صوبے میں صاف پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دوران آر او پلانٹس کے غیر فعال ہونے، سیوریج، اسپتال اور سمندری آلودگی سمیت کئی مسائل سامنے آئے تھے۔جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم کو رواں سال جنوری کے آغاز پر واٹر کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔