لاڈلا چاہتا ہے کہ حزب اختلاف والے انہیں دھکے دے کر اقتدار سے نکالیں۔سعید غنی
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ لاڈلا چاہتا ہے کہ حزب اختلاف والے انہیں دھکے دے کر اقتدار سے نکالیں اس لئے وہ افراتفری کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ فواد چوہدری جیسے مسخرے الٹے سیدھے بیانات دے کر عمران خان کا دل تو بہلا سکتے ہیں مگر عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔ ایک بیان میں سعید غنی نے کہا کہ اخباری اطلاعات کے مطابق سلیکٹڈ وزیراعظم نے اپنی ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے یہ بہت بڑ الطیفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری ہماری فکر چھوڑیں علیمہ خان کی فکر کریں جس پر چندے کی رقم میں خردبرد کی مہر ثبت ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری پر الزام تراشی کرنے والے ہمیشہ ناکام رہے ہیں۔ خفت اور شرمندگی پیپلزپارٹی کے مخالفین کا مقدر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے چار فوجی آمروں کو شکست دی۔ عمران خان تو محض ایک کٹھ پتلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاڈلا اداروں کو سیاسی انتقام کا ذریعہ بنا کر اداروں کی ساکھ تو برباد کر سکتا ہے اس کے سوا کچھ نہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ یہ طے ہے کہ عمران خان نے فلاحی اداروں کے چندے میں غبن کیا اور چوری کیا ہوا پیسہ اپنے خاندان میں تقسیم کیا جو بیرون ملک پراپرٹی کی صورت میں بے نقاب ہو رہا ہے۔