پاک بحریہ اور اینٹی نارکوٹکس فورس کا مشترکہ آپریشن،بھاری مقدار میں منشیات برآمد
پاکستان بحریہ اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے بلوچستان کے علاقے جیوانی کے قریب بحیرہ عرب میں مشترکہ انسدادِ منشیات آپریشن کرتے ہوئےبھاری مقدار میں منشیات تحویل میں لے لی۔ ترجمان ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز پاکستان نیوی کے مطابق پاک بحریہ نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہمراہ بلوچستان کے علاقے جیوانی میں مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے 200 کلو گرام آئس اور 99 کلو گرام کرسٹل ڈرگ تحویل میں لے لی،پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت کا تخمینہ 1ارب 80 کروڑ روپے لگایا گیا ہے جسے بحیرہ عرب کے راستے نامعلوم مقام پر منتقل کیا جارہا تھا،ضبط شدہ منشیات کو مزید قانونی کاروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیاگیاہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ انسدادمنشیات کا کامیاب آپریشن سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور سمندری تحفظ کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کا مظہر ہے۔