شاہینوں کی فتوحات کا سلسلہ جاری ، قومی ٹیم نے دوسرے وارم اپ میں انگلینڈ کو چار وکٹ سے دھول چٹا دی
سڈنی کرکٹ گراونڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔اور مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹ پر دو سو پچاس رنز بنائے۔اوپنر معین علی صرف چار رنز بنا کر احسان عادل کی گیند پر یونس خان کو کیچ تھما بیٹھے ۔انہتر کے مجموعی سکور پر ہیلز اکتیس رنز بنا کر آفریدی کی گیند پر صہیب کے ہاتھوں کیچ ہو گئے - یاسر شاہ نے شاندار باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلش بلے بازوں کو باندھ کر رکھ دیا ۔بلانس نے ستاون رنز کی ذمے دارنہ اننگز کھیلی ۔وہ ایک سو پینتیس رنز کے مجموعے پر یاسر شاہ کی گیند پر صہیب کے ہاتھوں کیچ ہوئے ۔اسی اوور میں یاسر نے صفر پر کپتان مورگن کو بھی پویلین بھیج دیا ۔جبکہ روی بوپارا بھی گیارہ رنز بنا کر یاسر کی گیند پر بولڈ ہوئے سکور ایک سو چوراسی پر پہنچا تو بٹلر تیرہ رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر بولڈ ہو گئے - دوسرے اینڈ پر جوروٹ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پچاسی رنز بنائے ۔وہ بھی سہیل خان کی گیند پر یونس ہاتھوں کیچ ہو کر پویلین لوٹے جبکہ سٹورٹ براڈ بغیر کوئی رن بنائے وہاب کی گیند پر مصباح کے ہاتھوں کیچ ہوئے ۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے تین ، سہیل خان نے دو ،احسان عادل ، وہاب ریاض اور شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی پاکستان کی جانب دونوں اوپنر پھر ناکام ہو گئے ۔ ناصر جمشید ایک رن اور احمد شہزاد دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے مسلسل فلاپ ہونے والے یونس خان ایک بار پھر سینئر ہونے کا کردار نہ نبھا سکے اور انیس رنز بنا کر آوٹ ہو گئے ۔حارث سہیل بھی اچھا آغاز کرنے کے باوجود بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور تینتیس رنز بنا کر آوٹ ہو گئے اٹھہتر کے مجموعے پر پاکستان کے چار کھلاڑی آوٹ ہو چکے تھے ۔اس موقعے پر کپتان مصباح الحق اور عمر اکمل نے ٹیم کو سنھبالا دیا ۔دونوں نے وکٹ کے چاروں طرف دلکش اسٹروکس کھیلے ۔اور ایک سو تینتیس رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ۔عمر اکمل نے تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے پینسٹھ رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ۔عمر کے آوٹ ہونے کے بعد صہیب مقصود نے بارہ گیندوں پر بیس رنز کی اننگز کھیلی ۔جبکہ بوم بوم آفریدی نے چوکا لگا کر گرین شرٹس کو فتح سے ہمکنار کر دیا ۔ کپتان مصباح نے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست اکانوے رنز بنائے ۔ انگلینڈ کی جانب سے جمی اینڈرسن اور سٹورٹ براڈ نے دو دو جبکہ جورڈن اور ٹریڈ ویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔پاکستان ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز اتوار کو دفاعی چیمپئن بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ میں کرے گا