آئی ایم ایف نے پوزیشن بدلی ہے، معاہدے کے قریب آگئے ہیں: اسد عمر
پشاور: وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے اپنی پوزیشن بدلی ہے لہٰذا معاہدہ اچھا ہوگا اور اس کے قریب آگئے ہیں۔ پشاور میں سرحد چیمبر آف کامرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہاکہ آئی ایم ایف اور پاکستان کے اعدادو شمار کے فرق میں کمی آئی ہے، آئی ایم ایف نے اپنی پوزیشن بدلی ہے، ان سے اچھا معاہدہ ہوگا اور لگتا ہے کہ معاہدے کے قریب آگئے ہیں، ضرورت اس بات کی ہےکہ اس معاہدے کو آخری بنائیں۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے پاکستان کی معیشت کیلئے اقدامات پر اتفاق رائے ہوا، وزیراعظم نے کہا آئی ایم ایف سے معاہدے پر دستخط کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کسی نے باہر آکر ٹھیک نہیں کرنا، ہم ہی اسے ٹھیک کریں گے، ہم بہتر فیصلے کریں گے تو معیشت اٹھے گی اور یہ صرف سرمایہ کاری سے ہوگا۔