ملکی معیشت کی گاڑی بالکل ٹھیک چل رہی ہے: مشیر تجارت
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ ہماری پالیسی ٹھیک ہے اور گاڑی بالکل ٹھیک چل رہی ہے جب کہ روپے کی قدر میں کمی کا فائدہ آئندہ 5 ماہ میں نظر آئےگا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ملک میں درآمدات کم ہوگئی ہیں اور7 ماہ میں 2 ارب ڈالر کی بچت ہوئی ہے، اس کا مطلب ہماری پالیسی ٹھیک ہے اور گاڑی بالکل ٹھیک چل رہی ہے، درآمدات سے متعلق آئندہ رہ جانے والے 5 ماہ کے نتائج اور بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں 34.26 ارب ڈالر کی درآمدات ہوئیں جب کہ رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران درآمدات 32.54 ارب ڈالر رہیں، گزشتہ مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں تجارتی خسارہ 21.3 ارب ڈالر رہا، رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں تجارتی خسارہ 19.2 ارب ڈالر ہے، گزشتہ سال کی نسبت برآمدات میں 2.46 فیصد اضافہ ہوا اور رواں سال برآمدات 7 ماہ میں 13 ارب ڈالر سے زائد رہیں۔