پاکستان آئی ایم ایف کیساتھ اقتصادی امدادی پیکیج کے معاہدہ پر دستخط کے قریب ہے،وزیر خزانہ اسد عمر
وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ اقتصادی امدادی پیکیج کے معاہدہ پر دستخط کرنے کے قریب ہے۔پیر کے روز پشاور میں ایوان صنعت و تجارت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس اطمینان کااظہار کیا کہ عالمی ادارے نے اپنے موقف میں لچک کا مظاہرہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلئے ٹیکس کے طریقہ کار کوآسان بنائے گی، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اسلام آباد میں تاجروں کے لئے ابتدائی طورپر ایک آزمائشی منصوبے کا آغاز کیا جائے گا جسے بعدمیں ملک کے دیگر حصوں تک پھیلایا جائے گا۔اسد عمر نے کہا کہ ایران، افغانستان اور خطے کے دیگر ملکوں میں پاکستانی مصنوعات کے وسیع امکانات ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں گیس کی دریافت سے صوبے میں سپلائی کی صورتحال بہتر ہوگی۔ انہوں نے کہا یہ صوبہ وسیع آبی وسائل سے مالا مال ہے اور ملک کی پن بجلی کی صلاحیت کا موثر استعمال ہونا چاہئے۔