ملکی تجارتی خسارے اور درآمدات میں کمی، برآمدات میں اضافہ ہوگیا
اسلام آباد:ادارہ شماریات کے مطابق ملکی تجارتی خسارے اور درآمدات میں کمی واقع ہوئی ہے جب کہ برآمدات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ادارہ شماریات کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 19-2018 کے پہلے 7 ماہ میں تجارتی خسارہ 19 ارب 26 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہو گیا ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا جنوری تجارتی خسارہ 9 اعشاریہ 66 فیصد کم ہوا جب کہ 7 ماہ میں برآمدات 13 ارب 23 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہیں۔ ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات میں 2 اعشاریہ 24 فیصد اضافہ ہوا۔اعلامیے کے مطابق پہلے 7 ماہ میں درآمدات کا حجم 32 ارب 49 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہا اور گزشتہ سال کے مقابلے میں درآمدات میں 5 اعشاریہ 17 فیصد کمی ہوئی۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ جنوری 2019 میں تجارتی خسارہ 2 ارب 46 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہا اور جنوری 2018 کے مقابلے میں گزشتہ ماہ میں تجارتی خسارہ 31 اعشاریہ 74 فیصد کم ہوا۔ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ جنوری میں برآمدات 2 ارب ڈالر سے زائد رہیں جب کہ گزشتہ ایک ماہ میں درآمدات 4 ارب 50 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہیں جس میں جنوری 2018 کے مقابلے میں 19 فیصد کمی ہوئی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق جنوری 2019 میں برآمدات میں 4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔یاد رہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داد کا کہنا ہے کہ ہماری پالیسی اور ملکی معیشت کی گاڑی بالکل ٹھیک چل رہی ہے جب کہ روپے کی قدر میں کمی کا فائدہ آئندہ 5 ماہ میں نظر آئیگا