معروف اداکار قاضی واجد کی تیسری برسی آج منائی جارہی ہے
معروف اداکار قاضی واجد 11 فروری 2018ء کو اس جہانِ فانی سے کوچ کر گئے تھے۔ آج ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے اس نام وَر اور باکمال فن کار کی برسی منائی جارہی ہے۔ زندگی کی 88 بہاریں دیکھنے والے قاضی واجد دل کا دورہ پڑنے کے سبب انتقال کرگئے تھے۔ قاضی واجد نے ریڈیو اور ٹیلی ویژن ہی نہیں فلم اور تھیٹر پر بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے اور شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرلیا۔ انھوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ریڈیو سے کیا جہاں بچّوں کے پروگرام سے اپنی فن کارانہ صلاحیتوں کا اظہار کرنے کے بعد اسی میڈیم پر نشر کیے جانے والے ڈراموں میں متعدد کردار نبھائے اور شہرت حاصل کی۔ جب 60 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کا آغاز ہوا تو قاضی واجد اس سے منسلک ہو گئے۔ 1969ء میں ٹیلی ویژن کی تاریخ کا مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’خدا کی بستی‘ شروع ہوا تو اس میں قاضی واجد نے راجہ نامی بدمعاش کا کردار ادا کیا جس نے انھیں ملک گیر شہرت دی۔