بین الاقوامی ماہرین فلکیات کا انتہائی طاقتور دُور بینوں کی مدد سے سیاہ مادے کا سب سے بڑا نقشہ تیارکرنے کا دعوی ۔
امریکن آسٹرونومیکل سوسائٹی کے آسٹن، ٹیکساس میں ہونے والے سالانہ اجتماع میں پیش کئے گئے تحقیقی نتائج میں کہا گیا ہےکہ یہ سفید کثیف اور سیاہ خالی خطوں کا ایک بہت بڑا نیٹ ورک دکھائی دیتا ہے جہاں سب سے بڑے سفید خطے آسمان پر زمین کے کئی چاند کے برابر ہیں۔ یہ اعداد و شمار ہوائی میں نصب ایک بہت بڑی دور بین کے کیمرے سے پانچ سال تک لی گئی تصویروں پر مبنی ہیں۔ اس میں ایسی کہکشائیں بھی شامل ہیں جوزمین سے چھ ارب نوری سال کے فاصلے پرہیں۔ نیا نقشہ تیار کرنے کے لیے ماہرین فلکیات نے اس بات پر تحقیق کی ہے کہ کہکشاؤں سے نکلنے والی روشنی کیسے زمین کی طرف سفر کرتے ہوئے سیاہ مادے کے بڑے بڑے حصوں کے قریب سے گزرتے کمزور پڑ جاتی ہے۔ اس منصوبے میں حصہ لینے والے ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ آئندہ تین برسوں کے دوران وہ اس نقشے سے دس گنا زیادہ علاقے کا احاطہ کرنا چاہتے ہیں۔