رمضان شوگر مل چنیوٹ کو فائدہ پہنچانے کا الزام 'نیب نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف ریفرنس تیار کر لیا
اسلام آباد : قومی احتساب بیورو (نیب) نے رمضان شوگر مل چنیوٹ کو مبینہ طور پر فائدہ پہنچانے کے لیے 20کروڑ روپے کی لاگت سے نالہ بنانے کے معاملہ پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کے خلاف ریفرنس تیار کر لیا۔ جبکہ ریفرنس نیب ایکٹو بورڈ سے منظوری کے لیے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو بھجوا دیا گیا ہے۔ ریفرنس 600کے قریب صفحات پر مشتمل ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کو نامزد کیا گیا ہے۔ کیس کی انکوائری گزشتہ برس مارچ میں شروع کی گئی تھی۔ ریفرنس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے سابق سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ، وزیر اعلیٰ پنجاب کے سابق ایڈیشنل سیکرٹری اور دیگر افسران کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ سابق ایڈیشنل سیکرٹری برائے منصوبہ بندی عامر علی ملک نے نیب کو بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر منصوبہ کا ٹھیکہ دینے کا کام شروع کیا گیا تھا اور اس کا مقصد شوگر مل کو فائدہ پہنچانا تھا۔ ریفرنس کے ساتھ بیانات، ریکارڈ، پی سی ون کی منظوری، ڈپٹی کمشنر کے بیانات شامل کیے گئے ہیں۔