سیف سٹی پراجیکٹ کے ڈیجیٹل شواہد سے جہاں پولیس کو تفتیش میں مدد مل رہی ہے وہیں عدالت کو کیسز کے فیصلوں میں مدد مل رہی ہے :جسٹس(ر) علی اکبر قریشی
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس(ر) علی اکبر قریشی نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا ۔پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی آمد پر مینیجنگ ڈائریکٹر علی عامر ملک، چیف آپریٹنگ آفیسر اکبر ناصر خان اور چیف ایڈمنسٹریشن آفیسر محمدکامران خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ جسٹس(ر) علی اکبر قریشی کو اتھارٹی کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی بارے بریفنگ دی گئی اور دورہ کروایاگیا۔ جسٹس(ر) قریشی نے اتھارٹی کے آپریشن اینڈ مانیٹرنگ سینٹر سے شہر میں ٹریفک کنٹرول کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جسٹس علی اکبر قریشی نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے ڈیجیٹل شواہد سے جہاں پولیس کو تفتیش میں مدد مل رہی ہے وہیں عدالت کو کیسز کے فیصلوں میں مدد مل رہی ہے ۔ جسٹس(ر) قریشی نے شہر میں ٹریفک کنٹرول کے الیکٹرانک سسٹم کا مشاہدہ کیا اور کہا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی اور حادثات میں کمی کیلئے پراجیکٹ کی بہت اہمیت ہے۔ معزز مہمان نے بین الاقوامی معیار کے مطابق کام کرنے پر سیف سٹی کے افسران و عملے کو سراہا اور کہا کہ منصوبہ صوبے میں امن و امان کے قیام میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ دورے کے اختتام پر جسٹس (ر)علی اکبر قریشی کو اتھارٹی کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔