تمام صوبے گیس کی دریافت کیلئے کمپنیاں بنائیں گے: وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور
کوئٹہ: وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور نے کہاہے کہ مشترکہ مفادات کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام صوبے گیس کی دریافت کے لیے کمپنیاں بنائیں گے۔وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور کا وزیراعلی بلوچستان جام کمال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر صوبوں کی قیادت سے ملاقاتیں کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ صوبوں کے معاملات مشاورت سے حل کیے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ بجائے اس کے کہ صوبے وفاق کے پاس آئیں ہم خود جا کر مسائل سنتے ہیں، سندھ کے وزیراعلی سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔غلام سرور کا کہنا تھا کہ صوبائی مسائل پر ورکنگ گروپس اور کمیٹیاں بنائی ہیں، عوام جلد مثبت تبدیلی دیکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، جمہوریت میں بات سنی اور سمجھی جاتی ہے یہی اس کا حسن ہے۔وفاقی وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا فیصلہ ہے کہ تمام صوبے گیس کی دریادت کے لیے کمپنیاں قائم کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام کمپنیوں کیبورڈ آف ڈائریکٹرز کی ازسرنوتشکیل ہوگی، کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں تمام صوبوں کی نمائندگی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صوبوں کی نمائندگی کے لیے ایک حکومتی اور ایک پرائیویٹ سیکٹر سے نمائندہ ہونا چاہیے۔غلام سرور کا کہنا تھا کہ وزارت پیٹرولیم کے تحت کمپنیوں میں بلوچستان کی نمائندگی مناسب نہیں رہی،تیل وگیس کی تمام کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی جائے گی تاکہ تمام صوبوں کومناسب نمائندگی دی جاسکے ۔ ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت بلوچستان کے عوام کی ترقی اورخوشحالی کو اولین ترجیح دیتی ہے اور اس کو ملکی اداروں میں ہرممکن نمائندگی دی جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہاکہ وفاقی حکومت احساس محرومی کے خاتمے کیلئے صوبائی وزیراعلی کی طرف سے بتائے گئے تمام مسائل کے حل کیلئے بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کرکام کرے گی۔وزیرپیٹرولیم غلام سرورخان نے کہاکہ گوادر میں تیل صاف کرنے کے جدید کارخانے کے قیام کیلئے جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ توقع ہے کہ سعودی ولی عہدآئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرینگے جس میں تیل صاف کرنے کے کارخانے کی تعمیر کیلئے معاہدے کی ایک یادداشت پردستخط کئے جائیں گے انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کے وزیرتوانائی ہفتہ کو گوادر کا دورہ کرینگے اور تیل صاف کرنے کے مجوزہ کارخانے کیلئے مختص جگہ کا معائنہ کرینگے۔ایک سوال پروزیرپیٹرولیم نے کہاکہ بلوچستان کے قصبوں اور شہروں کومکس ایل پی جی کی فراہمی کیلئے چودہ ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں