پاکستان میں بیروزگار افراد کی تعداد ایک لاکھ 70ہزار سے بڑھ کر 37لاکھ 90ہزار ہوگئی
اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات نے لیبرفورس سروے رپورٹ 2017-2018جاری کردی ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں بیروزگار افراد کی تعداد میں ایک لاکھ 70ہزار کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد بیروزگار افراد کی تعداد بڑھ کر 37لاکھ 90ہزار ہوگئی ہے۔رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 23لاکھ 90ہزار ،سندھ میں 7لاکھ 50ہزار، کے پی میں 5لاکھ 50ہزار اور بلوچستان میں ایک لاکھ 10ہزار افراد بے روزگار ہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہیکہ پاکستان میں 2015میں بیروزگار افراد کی تعداد 36لاکھ 20ہزار تھی، 2015کے مقابلے میں بیروزگاری کی شرح میں معمولی کمی ہوئی جس کی شرح 5.9سے کم ہوکر 5.8فیصد ہوئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک میں شادی شدہ اور بیواں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، شادی شدہ افراد کی تعداد 52.6سے بڑھ کر 53.5فیصد ہوگئی، بیوائوں اور رنڈووں کی تعداد 3.6سے بڑھ کر 3.9فیصد ہوگئی، اس کے علاوہ کبھی شادی نہ کرنے والے افراد کی تعداد 42.3فیصد ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک میں شرح خواندگی کی شرح 60.7فیصد سے بڑھ کر 62.3 فیصد ہوگئی ہے جب کہ ناخواندہ افراد کی شرح کم ہوکر37.9فیصد رہ گئی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہیکہ پاکستان میں 36.9فیصد لوگ میٹرک سے کم تعلیم رکھتے ہیں اور صرف 6فیصد لوگوں کے پاس ڈگری یا اس سے اوپر کی تعلیم ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک میں لیبرفورس کی تعداد 6کروڑ55لاکھ ہے جو 2015میں تعداد 6کروڑ 10لاکھ تھی، 6کروڑ 17لاکھ لوگوں کے پاس روزگارہے اور یہ تعداد 2015میں 5کروڑ 74لاکھ تھی، پنجاب میں سب سے زیادہ 3کروڑ 76لاکھ لوگوں کے پاس روزگار ہے جب کہ سندھ میں ایک کروڑ 44لاکھ، خیبرپختونخوا میں 71لاکھ اور بلوچستان میں 25لاکھ لوگوں کے پاس روزگار ہے۔