نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام، فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ کا اعلان

ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جنوری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان نادرا نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جنوری ہے، 10 جنوری تک 19 لاکھ 80 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔ نادرا حکام کا کہنا ہے کہ 15 جنوری آخری تاریخ ہے اس میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی، آخری تاریخ میں متعدد بار توسیع کی گئی تاکہ کوئی شہری محروم نہ رہے، وزیراعظم نے جولائی میں پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا تھا۔ ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ اسکیم کا مقصد عوام کو ذاتی چھت کی فراہمی آسان بنانا ہے، رجسٹریشن میں خواجہ سراؤں کی تعداد میں 10 گنا اضافہ ہوا۔ نادرا حکام کے مطابق اسلام آباد میں 260856 افراد نے رجسٹریشن کرائی، لاہور میں 225694، کراچی میں 265347 افراد نے رجسٹریشن کرائی۔ ترجمان نادرا کے مطابق فیصل آباد میں 124884، ملتان میں 78738، کوئٹہ میں 70892 افراد نے رجسٹریشن کرائی، پشاور اور سوات میں بالترتیب 47362 اور 53486 افراد نے رجسٹریشن کرائی۔ نادرا حکام کا کہنا ہے کہ ای سہولت، فرنچائز نیٹ ورک، ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹریشن کررہے ہیں۔ ترجمان نادرا کے مطابق کراچی میں ڈی ایچ اے، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد میگا سینٹر پر رجسٹریشن کی سہولت ہے، خواہش مند افراد نادرا کی ویب سائٹ پر بھی رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔