وزیراعظم و صدر مملکت سمیت سیاسی شخصیات کی کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت
وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سمیت حکومتی و اپوزیشن کی شخصیات نے کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ وزیر اعظم نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی بھی ہدایت کی۔صدر مملکت عارف علوی نے بھی دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے بلند درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر وجمیل کی دعا کی۔ صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت گرد ملک میں بدامنی پیدا کرنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں تاہم قوم ان ناپاک سازشوں کے خلاف متحد ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی مسجد کے اندر بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جب کہ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے بھی مسجد کے اندر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی کوئٹہ دھماکے کی مذمت کی اور ڈی ایس پی امان اللہ اور دیگر کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ، بلاول بھٹو نے کہا دہشت گردی میں ملوث منصوبہ سازوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یہ شہادتیں راہیگاں نہیں جاہیں گی ، دہشت گردی کی اسطرح کی بزدلانہ کاروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔