پاکستان میں سال 2021ء کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم
پاکستان میں سال2021ء کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز آج سے ہو رہا ہے جس کے دوران 4کروڑسے زائد بچوں کو پولیو قطرےاور وٹامن اے کی خوراک دی جائے گی۔ معاون برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق ملک بھر میں پانچ روزہ مہم آج سے شروع ہو رہی ہے،مہم میں 2 لاکھ 85 ہزار فرنٹ لائن ورکرز حصہ لے رہے ہیں، ویکسین سے بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوگا،حکومت ملک کو پولیو سے پاک بنانے کیلئے پرعزم ہے، والدین سمیت تمام مکتبہ فکر مہم کی کامیابی یقینی بنائیں،اس دوران کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا،ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال اورسماجی فاصلے کویقینی بنایا جائے گا۔ کوآرڈینیٹر قومی ایمرجنسی سنٹر نے کہا کہ 2020ء میں حاصل کی گئی کامیابی کا سلسلہ جاری رکھیں گے،سال 2021ء میں وائرس پر قابو پانے کیلئے بہترین نتائج کی توقع ہے۔ سندھ بھر میں آج سے 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا،11 سے 17 جنوری تک سندھ کے 29 اضلاع میں 90 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے،کراچی میں 5 سال سے کم عمر کے 20 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو ویکسین دی جائے گی،مہم کے دوران 6 ماہ سے 5 سال عمر کے بچوں کو وٹامن اے بھی دی جائے گی۔ بلوچستان کے 33 اضلاع میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز بھی ہو گیا ہے،مہم کے دوران 24 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کی ویکسین دی جائے گی، انسداد پولیو مہم کے دوران ل 10 ہزار 553 پولیو ورکرز کی ٹیمیں مہم میں حصہ لیں گی،8 ہزار 692 موبائیل ٹیمیں ہونگی جبکہ 941 ٹیموں کو فکسڈ سائٹس جبکہ 559 کو ٹرانزٹ پوائنٹس پر تعینات کیا جائے گا۔ پولیو ایمرجنسی سینٹر کے مطابق پاکستان اور افغانستان صرف دو ایسے ممالک ہیں جہاں پولیو وائرس ابھی بھی موجود ہے،2020 کے دوران بلوچستان سے 26 جبکہ ملک بھر سے 84 کیسز رپورٹ ہوئے۔ عبدالباسط کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے مطابق خیبرپختونخوا میں سال رواں کی پہلی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے،انسداد پولیو مہم 5دن صوبے کے طول و عرض میں جاری رہے گی، مہم کے دوران صوبہ میں 70 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے،مہم میں تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 28ہزارٹیمیں حصہ لے رہی ہیں،پولیو ٹیموں میں 25734موبائل، 1913 فکسڈ، 1109رومنگ اور 133ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں،مہم کے دوران پولیس اور حفاظتی اداروں کے تعاون سے سیکورٹی کے جامع انتظامات کئے گئے ہیں، مہم میں کورونا سے بچاؤ کی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا،ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال اورسماجی فاصلے کویقینی بنایا جائے گا