مکہ مکرمہ میں روبوٹ کے ذریعے آب زم زم کی بوتلوں کی تقسیم
مکہ مکرمہ میں اب روبوٹ آب زم زم کی بوتلیں تقسیم کریں گے۔ عرب میڈیا کے مطابق حرمین شریفین میں اسمارٹ روبوٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے پانی تقسیم کرنا عالمی وبا سے بچنے کا محفوظ طریقہ قرار دیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارکنان اور زائرین وائرس لگنے سے محفوظ رہیں گے۔ مکہ مکرمہ کی انتظامیہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ حاصل کر رہی ہے اور روبوٹ کے ذریعے آب زم زم کی تقسیم کا اقدام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ سیکرٹری ادارہ آب زم زم بدر اللقمانی نے کہا ہے کہ اسمارٹ روبوٹ ٹیکنالوجی کورونا وائرس کے ماحول میں بے حد اہم اور محفوظ طریقہ کار ہے اور انسانی مداخلت کے بغیر آب زم زم کی تقسیم محفوظ طریقے سے ہو رہی ہے۔