گندم وافر ہے صوبےعوام کوعذاب میں نہ ڈالیں رحم کریں: وزیر اعظم شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وافرگندم ہونے کے باوجود صوبے گندم ریلیز نہیں کررہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے جنیوا میں ڈونرز کانفرنس منعقد ہوئی، کانفرنس انتہائی کامیاب ثابت ہوئی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ڈونرز کانفرنس میں9.7 ارب ڈالر کی گرانٹ کے وعدے کئے گئے ہیں، سب سے بڑی رقم کا اعلان اسلامی ڈیولپمنٹ بینک نے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ورلڈ بینک نے 2 ارب، ایشین انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے ایک ارب اور اے ڈی بی نے 500 ملین ڈالرز گرانٹ کا وعدہ کیا۔ امداد دینے والے ممالک میں سعودی عرب، سویڈن، برطانیہ، امریکا، اٹلی، نیدرلینڈز، ناروے، قطر، اور فرانس شامل ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی برادری اور بین الاقوام اداروں کی جانب سے رقوم کا اعلان قوم کی عزت، توقیر اور اعتماد کا اظہار ہے جو پاکستان پر کیا گیا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ملک میں تقسیم در تقسیم پیدا کی گئی، جنیوا میں دنیا کو وفاق نہیں تمام صوبوں کی یگانگت کا پیغام دیا گیا، کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ حکومت پر ہمارے عوام اور دنیا نے اعتماد کیا۔