حکومت کمرشل بینکوں کا زرمبادلہ تحویل میں نہیں لے گی: وزیر خزانہ اسحٰق ڈار

وزیر خزانہ سینیٹر اسحٰق ڈار نے وضاحت کی ہے کہ حکومت کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ کو ضبط نہیں کرے گی اور ملکی ذخائر کے حوالے سے ان کے دیے گئے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ ان کے بیان کو بہت ہی غلط سمجھا گیا، لہٰذا اس طرح کا کچھ بھی نہیں ہوگا۔خیال رہے کہ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا بیان ایک دن قبل ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کے حوالے سے دیے گئے اس انٹرویو کے بعد آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 10 ارب ڈالر تک بچے ہیں کیونکہ کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ بھی پاکستان کے ہیں، جبکہ 30 دسمبر 2022 کو مرکزی بینک نے کہا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 5.6 ارب ڈالر تک ہیں۔