کہا جارہا ہے عمران خان پر ریڈ لائن لگا دی، میں یہ لائن مٹا کر دکھاؤں گا: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک چیز کہی گئی کہ پی ٹی آئی کا کوئی مستقبل نہیں ہے، ہم نے عمران خان پر ریڈ لائن لگا دی ہے، میں ریڈ لائن مٹا کر دکھاؤں گا، کوئی کسی کے اوپر ریڈ لائن نہیں ڈال سکتا۔پارلیمانی پارٹی پنجاب کے اراکین سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ چن چن کر اراکین اسمبلی پر دباؤ ڈالا گیا، مجھے مظفر گڑھ کے ٹائیگر بتا رہے تھے کہ پانچ لوگوں کے ضمیر خریدنے کے لیے سوا ارب روپے کی پیشکش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اراکین اسمبلی اور ہمارے اتحادی کو پہلے کہا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) میں چلے جائیں، پھر دھمکیاں بھی دی گئیں کہ اگر آپ نہیں جائیں گے تو یہ ہوجائے گا۔
عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ایک چیز کہی گئی کہ پی ٹی آئی کا کوئی مستقبل نہیں ہے، ہم نے عمران خان پر ریڈ لائن لگا دی ہے، لوگوں کو ڈرایا جارہا ہے کہ ہم نے اس کو مائنس کردیا ہے، اس کا مستقبل نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی کے اوپر ریڈ لائن صرف پاکستان کے عوام ڈال سکتے ہیں، اور کوئی نہیں ڈال سکتا، جس میں بھی یہ تکبر ہے کہ ہم نے ریڈ لائن ڈال ڈی، نہ ان میں عقل ہے، صرف بے وقوف انسان ایسی بات کر سکتے ہیں، نہ ان کو سیاست کی سمجھ ہے، نہ انہوں نے اس ملک کی تاریخ پڑھی ہوئی ہے، جس نے تھوڑی بھی تاریخ پڑھی ہو تو وہ کبھی بھی احمقانہ بات نہیں کرسکتا۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ سب کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہ جو کہہ رہے ہیں کہ ریڈ لائن ڈرا کی ہوئی ہے، میں آپ کو ریڈ لائن مٹا کر دکھاؤں گا، کوئی کسی کے اوپر ریڈ لائن نہیں ڈال سکتا، جو ریڈ لائن ڈال رہا ہے اس کو تاریخ اور سیاست کی سمجھ نہیں ہے، قوم جب فیصلہ کر لیتی ہے تو آپ جتنی مرضی انجینئرنگ کرلیں، نتیجہ وہی ہونا ہے جو پچھلے ضمنی انتخابات میں ہوا ہے۔