عوام کو گیس میسر نہیں مگر اوگرا نے گیس کی قیمت میں 75.35 فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سوئی سدرن اور سوئی ناردرن گیس کمپنیوں کو گیس کی قیمتوں میں بالترتیب 74.42 اور 75.35 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔سوئی ناردرن گیس کمپنی اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی درخواستوں پر اوگرا نے سوئی ناردرن کو موجودہ مالی سال کے لیے گیس کی اوسط مقررہ قیمت میں 406.68 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی سدرن گیس کمپنی کو 499.28 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی منظوری دے دی۔دونوں کمپنیوں نے اوگرا سے قیمت میں اضافے کی درخواست کی تھی جس کا اطلاق جولائی 2022 سے ہوگا، اس سلسلے میں سوئی ناردرن نے 1294.02 روپے اور سوئی سدرن نے 667.44 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی درخواست کی تھی۔قیمتوں میں اضافے کا یہ فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کردیا گیا ہے جو آئندہ 40 دن میں اس حوالے سے ریگولیٹری ادارے کو گیس کے کم از کم نرخوں اور ہر کیٹیگری کے ریٹیل صارفین کے لیے گیس کی قیمت کے حوالے سے سفارشات دینے کی پابند ہے۔