ملک میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔

ملک میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کراچی میں سرمئی بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جبکہ مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں کمی آئی۔۔ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی برسات نے ہر منظر حسین بنا دیا۔
محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران پنجاب، سندھ، بلوچستان، کے پی اور اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں برکھا برسنے کی نوید سنائی ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹے میں پنجاب، اسلام آباد کشمیر، ژوب، قلات ڈویژن، خیبر پختونخوا، فاٹا اور گلگت بلتستان میں تیزہواوٗں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہےجبکہ سندھ کےساحلی علاقوں میں بعض مقامات پر بوندا باندی ہوگی۔
بارشوں سے راولپنڈی، گوجرانوالہ،ڈی جی خان،اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ جبکہ مالاکنڈ،ہزارہ ڈویژن،گلگت بلتستان اورکشمیرکے پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔