چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کے استعفوں کے ساتھ وزیرخزانہ اسحاق ڈار اورسپیکر قومی اسمبلی کے بھی فوری استعفیٰ کا مطالبہ کردیا

بنی گالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے بعد شہباز شریف بھی سیدھا سیدھا پکڑا گیا،، وزیر خزانہ نے نوازشریف کے لیے منی لانڈرنگ کی ،، جبکہ سپیکر نے وزیراعظم کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس نہ بھیج کر اپنی نوکری پکی کی،، ہم وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب کے بعد اسحاق ڈار اور سردار ایاز کے بھی فوری استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہیں. عمران خان کا کہنا تھا کہ اب صرف استعفوں سے کام نہیں چلے گا بلکہ اب ان سب کا ٹھکانہ اڈیالہ جیل ہے ، انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کو عمران نامہ قرار دینا میرے لیے قابل فخر ہے ،، میں اتنے عرصے سے جو الزامات لگا رہا تھا عدالت نے ان کی توثیق کردی. عمران خان کا کہنا تھا عدالت مجھے جب بھی طلب کرے یا جو بھی دستاویزات مانگے میں سرتسلیم خم کروں گا،، کپتان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ پر ہمارے کارکنان جشن منانا چاہتے تھے لیکن میں نے انہیں پیر کے روز عدالت عظمی میں ہونے والی سماعت تک روکے رکھا ہے