سپریم کورٹ کے تین ججوں نے حکمرانوں کیخلاف خطرناک فیصلہ دیا:رہنما پیپلزپارٹی مولابخش چانڈیو

رہنما پیپلزپارٹی مولابخش چانڈیو نے حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پاناماکیس کے دوران معجزے ہوتے رہے۔ دو ججوں نے وزیراعظم کو نااہل کردیا، تین ججوں نے خطرناک فیصلہ دیا۔ انہیں پتا ہی نہیں چلا اور یہ مٹھائیاں بانٹتے رہے۔ جے آئی ٹی بننے کے بعد ان کا جوش و خروش دیکھنے والا تھا۔ جو بھی وفاقی جوڈیشل اکیڈمی سے باہر نکلتا تھا برابھلا کہتا تھا۔ کیا جے آئی ٹی عمران خان یا بلاول نے بنائی تھی؟ انہوں نے کہا کہ وزرا کہتے ہیں وزیراعظم کو کچھ ہوا تو جمہوریت خطرے میں پڑ جائے گی۔ جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ حکومتی وزرا عدلیہ کے پیچھے کھڑے ہونے کا بیان دیتے تھے۔ اب جے آئی ٹی اور عدلیہ کو برابھلا کہنے والے وزرا کی لائن لگی ہے۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ بینظیر شہید کو تنگ کیا گیا، فون گھما کر سزائیں دلوائی گئیں۔ ن لیگ والوں کو اب ذوالفقاربھٹو یاد آرہا ہے۔ ماضی میں یہ ان کےخلاف بات کرتےنہیں تھکتےتھے۔ انہوں نے کہا پنجاب میں حکومت کرنے والے کے بیٹے خاموش ہیں، کچھ ہو گا تو یہ بھی سامنے آئینگے۔