اگر وزیراعظم استعفا نہیں دیتے تو ہمارے پاس بہت سارے آپشن موجود ہیں:چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو

زرداری ہاوس اسلام آباد میں اہم مشاورتی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ گلف اسٹیل مل اور قطری خط افسانہ نکلے۔ شریف خاندان نے جے آئی ٹی اور عدالت میں جعلی دستاویزات جمع کرا کراثاثوں کو چھپانے کی کوشش کی۔ وزیراعظم عہدے پررہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔ انہوں نےکہا وزیراعظم گھر بھجوائے جانے کا انتظار نہ کریں بلکہ خود استعفیٰ دیں۔ ہمارا واضح پیغام ہے کہ دھمکیاں دینا بند کرو اورگھر جانے کا فیصلہ کرو ورنہ ملک گیر احتجاج سمیت تمام آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا ریفرنس میں شامل وزیراعظم سمیت تمام افراد کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ وزیراعظم منی لانڈرنگ میں ملوث رہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قانون سب کیلیے ایک ہونا چاہیے۔ سیاسی جماعتوں سے ملکر آئندہ کی حکمت عملی سامنے لائیں گے۔ بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے ان کی تین نسلوں کے احتساب کو بے نقاب کر دیا اور اب ان کے پاس اقتدار کے ساتھ چمٹے رہنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔