ورلڈ کپ دوسرا سیمی فائنل: آسٹریلیا نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 224 رنز کا ٹارگٹ دیدیا
برمنگھم(چودھری اشرف) عالمی کپ 2019ء کے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا نے میزبان انگلینڈ کو جیت کے لیے 224 رنز ہدف دیدیا ہے، آسٹریلیا کی پوری ٹیم 49 اوورز میں 223 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ برمنگھم کے ایجبیسٹن گراونڈ میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل میچ آسٹریلیا کے کپتان ایرن فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کا آغاز اچھا نہ رہا۔ 14 کے سکور پر اس کی تین اہم وکٹیں گر گئیں جن میں ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے، ڈیوڈ وارنر 9 جبکہ ہینڈکوم 4 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے۔ سٹیون سمتھ اور ایلکس کیری نے دفاعی حکمت عمل اپناتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 103 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ آسٹریلیا کا سکور 177 پر پہنچا تو اسے چوتھا نقصان ایلکس کیری کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ کیری نے 46 رنز بنائے اور انگلش سپن باولر عادل رشید کی گیند پر متبادل کھلاڑی وینس کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ اسی اوور میں عادل رشید نے آسٹریلوی کھلاڑی مارکس سٹونس کو بغیر کھاتہ کھولے پویلین کی راہ دکھا دی۔ قبل ازیں آسٹریلیا کے سابق کپتان سٹیون سمتھ نے کیرئر کی 23 ویں نصف سنچری 72 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔ آسٹریلیا کو چھٹا نقصان 157 کے سکور پر میکس ویل کی وکٹ کی صورت میں اس وقت اٹھانا پڑا جب میکس ویل انگلینڈ کے آرچر کی نہ سمجھ آنے والی گیند پر مورگن کو اپنا کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 23 گیندوں پر 2 چوکے اور ایک چکھے کی مدد سے 22 رنز بنائے۔ نئے کھلاڑی کومنز صرف 6 رنز بنا کر عادل رشید کا شکار ہو گئے۔ کومنز کا سلپ میں کھڑے جوئے روٹ نے شاندار کھیل پکڑا۔ 218 کے ٹوٹل پر آسٹریلیا کو آٹھواں نقصان سٹیو سمتھ کی وکٹ کی صورت میں اس وقت اٹھانا پڑا جب سمتھ 85 کے سکور پر رن آوٹ ہو گئے۔ اگلی ہی گیند پر مچل سٹراک بھی کرس واکس کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آوٹ ہو گئے۔ مچل سٹراک نے 29 رنز سکور کیے۔ آسٹریلیا کی دسویں وکٹ 223 کے سکور پر گر گئی۔ جونسن تھے جنہیں کرس ووڈ نے کلین بولڈ آوٹ کیا۔ لیون 5 سکور کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے باولنگ میں کرس واکس اور عادل رشید نے تین تین جبکہ آرچر نے دو اور ووڈ نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔