منشیات برآمد کیس:رانا ثنا اللہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور
لاہور کی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کو بحث کیلئے 22 اگست کو دوبارہ طلب کرلیا۔ عدالت نے رانا ثنااللہ سمیت اہلخانہ کے اکائونٹس منجمد کرنے کی درخواستوں پر کارروائی بھی ملتوی کر دی۔ ہفتہ کو انسداد منشیات لاہور کی خصوصی عدالت میں سابق وزیر قانون رانا ثنااللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، جج شاکر حسن کے عدالتی تعطیلات پر ہونے کے باعث اسپیشل سنٹرل جج خالد بشیر نے بطور ڈیوٹی جج کیس پر سماعت کی۔ رانا ثنااللہ کی جانب سے فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور رانا ثنااللہ کی حاضری معافی کی درخواست دائر کردی۔ جس میں موقف اپنایا گیا کہ قومی اسمبلی کے سیشن میں شرکت کے باعث رانا ثنااللہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے ۔ شریک ملزمان میں اکرم، عمر فاروق، عامر رستم، عثمان احمد اور سبطین خان عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے رانا ثنااللہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 22 اگست تک ملتوی کردی۔ دوسری جانب عدالت نے رانا ثنااللہ ان کی اہلیہ نبیلہ سمیت اہلخانہ کے اکائونٹ منجمد کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت بھی 22اگست تک ملتوی کردی۔