شوکت خانم اسپتال کا افتتاح بھی نوازشریف نے کیا تھا ۔ کیا اس کا نام بھی بدلو گے یا پھر اسے گر ا کر کیا پھر بناؤ گے۔
مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سوات میں نوازشریف کڈنی اسپتال کا نام بدلنے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹی گھٹیا ذہنیت عوام کی خدمت میں ناکامی پر کم ظرف حرکتیں کرتی ہے۔ اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ تین سال میڈیا پر پابندیاں اور سیاسی مخالفین کو جیل میں ڈالنے پر عمران صاحب کی توجہ نہ ہوتی تو آج نواز شریف کی تختیاں اکھاڑنے کی ضرورت نہ پڑتی۔ان کی کارکردگی نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبے پہ نئی تختیاں لگانا اورپرانی اکھاڑنا ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سوات میں گردوں کے علاج کا اسپتال سرکاری وسائل سے نہیں بلکہ نجی عطیات سے تعمیر کیا گیا تھا۔ اسپتال کی تعمیر میں کوششوں پر نوازشریف کے نام پر اس ہسپتال کا نام رکھا گیا۔ عمران صاحب کی کارکردگی نوازشریف کڈنی ہسپتال کا نام بدلنا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب ایٹمی پروگرام سے نواز شریف کا نام کیسے مٹاؤگے۔ ملک بھر میں موٹر ویز بجلی ، گیس اور ایل این جی کے منصوبوں سے کیسے تختیاں اتاروگے ۔سی پیک پر نوازشریف کالکھا نام کیسے ہٹاؤ گے ۔ سستی چینی ، گیس، لوڈ شیڈنگ سے نجات پر سے نواز شریف کا نام کیسے مٹاو گے۔ شوکت خانم اسپتال کا افتتاح بھی نوازشریف نے کیا تھا ۔ کیا اس کا نام بھی بدلو گے یا پھر اسے گر ا کر کیا پھر بناؤ گے