لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی ہواؤں اور بارش کے باعث تباہی مچ گئی،،
ملک میں ہونے والی طوفانی بارش نے جہاں موسم خوشگوار کیا وہاں بڑے پیمانے پر حادثات بھی ہوئے ،، کہیں چھتیں گریں تو کہیں درخت اکھڑ گئے،، بہاولنگر میں مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ کئی مکانات کی چھتیں گر گئیں مختلف حادثات میں 28 افراد زخمی بھی ہوئے۔ لاہور میں ایل ڈی اے سوسائٹی میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹا،، بوریوالہ میں بارش کے باعث دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوگئے،، جلالپور جٹاں میں گرمی کا ستایا دریا میں نہانے والا دبئی پلٹ نوجوان ڈوب گیا۔ فیصل آباد میں چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور اس کا شوہر زخمی ہوگیا۔ شجاع آباد میں مدرسے کی چھت گرنے سے بچے زخمی ہوگئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں آندھی سے متعدد گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں۔ چیچہ وطنی کے علاقے الفتح ٹائون میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے دس سالہ بچہ جان سے گیا ،، پانچ خواتین بھی زخمی ہوئیں ،، عارف والا و گردونواح میں طوفان کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش مختلف مقامات پر مسجد کی چھت و مکانات گرنے سے امام مسجد سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ترکھنی روڈ پر مکان کی چھت گرنے سے 40 سالہ خاتون جان سے گئی جبکہ دیوار گرنے سے 50 سالہ اللہ دین دم توڑ گیا۔لاہور شہر کے چاروں اطراف لیسکو کے 170 کے قریب فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ اقبال ٹائون‘ کوئنز روڈ ، مال روڈ ، نیو مسلم ٹائون‘ مصطفی ٹائون‘ اچھرہ‘ مزنگ‘ جوہر ٹائون سمیت دیگر میں فیڈرز بند ہونے سے بجلی غیراعلانیہ طور پر بند ہو گئی۔