وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے نوازشریف کی جے آئی ٹی میں طلبی کی تصدیق کر دی

وزیرمملکت مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ وزیراعظم ہاؤس کو جے آئی ٹی کا سمن موصول ہو گیا ہے اور نواز شریف جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں گے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے ایک تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے، شریف خاندان نے قانون اور انصاف کا راستہ اختیار کیا جبکہ معاملہ پراپوزیشن نے صرف سیاست کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم قانون اورآئین پرعمل داری کی عملی تصویر پیش کریںگے، انہیں عوام نے منتخب کیا وہ دوبارہ عوام کی عدالت میں جائیں گے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ شریف فیملی کو جے آئی ٹی پرتحفظات ہونےکےباوجود وزیراعظم نےاپنے بیٹوں اور خود کو جے آئی ٹی میں پیش کیا۔نواز شریف نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ اس دن کر لیا تھا جب انہوں نے سپریم کورٹ کو اس حوالے سے خط لکھا تھا۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے تمام کاغذات پہلے ہی ایف بی آرمیں موجود ہیں،اسکے باوجود کوئی دستاویزات درکار ہوئی تو پیش کی جائیں گی۔