حریت رہنماؤں کا اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں سے مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ!
مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے اقوام متحدہ، امریکا، برطانیہ، فرانس، روس اور چین پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی کوششوں کو تیز کریں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں عالمی برادری سے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت، بے رحمانہ قتل عام، سیاسی کارکنوں کی نظربندیاں اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کرانے کیلئے بھارت پر دباﺅ بڑھائیں۔ حریت چیئرمین نے تنازعہ کشمیر کو برصغیر کے تقسیم کے 1947کے فارمولے پر عمل درآمد نہ ہونے کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دینے کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے جلد حل پر زوردیا۔ کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت کی ضمانت اقوام متحدہ نے فراہم کرر کھی ہے۔ جموںوکشمیر مسلم لیگ کے ایک وفد اظہار ہمدردی کیلئے پلوامہ اور اسلام آباد کے اضلاع میں شہید نوجوانوں کے گھر گیا۔ وفد کی قیادت سینئر پارٹی رہنماء محمد رفیق گنائی کر رہے تھے۔ دوران حراست لاپتہ کشمیریوں کے والدین کی تنظیم اے پی ڈی پی سے وابستہ مرد اور خواتین کی بڑی تعداد نے پیر کو اپنے لاپتہ اہلخانہ کیلئے انصاف کی فراہمی کے مطالبے کے حق میں پرتاپ پارک سرینگر میں احتجاجی دھرنا دیا۔