سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی گرفتاری کے خلاف جیالوں کا پریس کلب کے سامنے مظاہرہ
سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی گرفتاری اور انتقامی کاروائیوں کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی اوکاڑہ نے قیادت کی ہدایت پر اوکاڑہ پریس کلب کے سامنے اکٹھے ہو کر پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ شرکا ء نے پارٹی پرچم ، بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر آصف علی زرداری کی گرفتاری کی مذمت ، نیب گردی نا منظور، گو عمران گو اور انتقامی کاروائیوں کو بند کرنے کے مطالبات درج تھے ۔
پارٹی کارکنان قیادت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نعرے بازی کرتے رہے ، اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم این اے چوہدری سجاد الحسن اور ضلعی جنرل سیکرٹری شہزاد نول ، تحصیل صدر اوکاڑہ رائو ایازالکریم ، ضلعی صدر پی ایس ایف چوہدری شکیل ،سٹی صدر پی پی پی عالم شیر لودھی ،جنرل سیکرٹری رائو رفیق ،سیکرٹری اطلاعات سلمان قریشی ،ملک ریاست ، رانا نیاز، شاہد محمود، ملک یونس،ملک احسان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے ، لیڈر شپ سے لیکر عام کارکن تک جمہوریت کیلئے جدو جہد ہمارا سیاسی ورثہ ہے ۔
حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے انتقامی کاروائیوں پر اتر آئی ہے اب حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔ مظاہرہ میں تمام الائیڈ ونگز ، پی ایس ایف ،پی وائی او،لیڈیز ونگ، لیبر ونگ ، لائرزفورم ، مینورٹی ونگ ، ٹکٹ ہولڈرز اور کارکنان کی بڑی تعداد پریس کلب کے باہر جمع ہوئی ۔