حکومت نوجوانوں کوروزگارفراہم کرنے کوترجیح دے رہی ہے:وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ حکومت ملک میں نوجوانوں کوروزگارفراہم کرنے والے منصوبوں،زرعی شعبے اورصحت عامہ کے نظام کو بہتربنانے کوترجیح دے رہی ہے۔انہوں نے اسلام آباد میں قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کوحتمی شکل دینے اور ان پرعملدرآمدکے دوران وفاقی اورصوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی اوربھرپورتعاون یقینی بنانے کی ضرورت پرزوردیا۔وزیراعظم نے جاری منصوبوں پرہونے والی پیشرفت کاجائزہ لینے کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پربھی زوردیا۔انہوں نے معلومات کی بروقت فراہمی اورمنصوبوں پرعملدرآمدکی صورتحال پررائے عامہ کے ذریعے عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کی ضرورت پربھی زوردیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے منصوبوں پرپیشرفت کے جائزے کے لئے قومی اقتصادی کونسل کاششماہی اجلاس یقینی بنایاجائے۔اجلاس میں رواں مالی سال کے دوران معاشی صورتحال اورآئندہ سال کے منظرنامے کابھی جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں آئندہ مالی سال کے لئے زراعت، صنعت اور خدمات میں شرح نموکے ساتھ ساتھ مجموعی ملکی پیداوارکے اہداف کی منظوری بھی دی گئی۔اگلے مالی سال کے مجوزہ سالانہ منصوبے کے لئے معاشی لائحہ عمل کی بھی منظوری دی گئی۔