صدر مملکت کی ویسٹ انڈیز کیخلاف مسلسل 10ویں سیریز جیتنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل 10ویں سیریز جیتنے پر پوری پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں صدر مملکت کہا کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے زبردست کھیل پیش کیا۔ ان کاکہنا تھا کہ بابر اعظم اورامام الحق نے اپنی بیٹنگ کی شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ جاری رکھا اور محمد نواز نے 19 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کر کے بہترین بولنگ کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ یقینا پر لطف کھیل ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں با آسانی 120 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے میں پانچ وکٹوں سے ہرایا تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ایک روزہ میچ کل اتوار کو کھیلا جائے گا۔