وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے لیے ٹی20 فارمیٹ میں واپسی کے امکانات مزید کم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے لیے ٹی20 فارمیٹ میں واپسی کے امکانات مزید کم ہوتے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بنگلادیش کے خلاف ہوم سیریز سے ڈراپ کیے جانے کے بعد اب ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ سیریز میں بھی ان کا نام ٹیم میں شامل کیے جانے کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد حارث کی جانب سے بنگلادیش کے خلاف متاثرکن کارکردگی نے رضوان کے لیے ٹیم میں واپسی کا دروازہ مزید تنگ کر دیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی اب روحیل نذیر کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز اور دورہ بنگلادیش میں موقع دینے پر غور کر رہی ہے، جبکہ رضوان اور بابر اعظم کو ممکنہ طور پر اگلی کسی بڑی سیریز، جیسے جنوبی افریقہ کے خلاف چھ ماہ بعد شیڈول سیریز، میں دوبارہ ٹیم کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹی20 فارمیٹ میں رضوان اور بابراعظم کی واپسی نہایت مشکل بلکہ ناممکن دکھائی دے رہی ہے۔ سلیکشن کمیٹی کے حالیہ اجلاسوں میں سابق کپتان سرفراز احمد اور سکندر بخت نے بھی شرکت کی، تاہم ان دونوں کی شمولیت کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان کی ذمہ داریاں واضح کی گئی ہیں۔ اس وقت سلیکشن کمیٹی میں اسد شفیق، اظہر علی اور حسن چیمہ شامل ہیں۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد اور سکندر بخت کو ممکنہ طور پر سلیکٹرز کی نگرانی اور نظرانداز کھلاڑیوں پر توجہ دلانے کا کردار دیا گیا ہے۔ ان دونوں نے حالیہ دنوں میں اسلام آباد اور لاہور میں سلیکشن کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت بھی کی ہے۔ دوسری جانب فاسٹ بولرز نسیم شاہ اور عامر جمال اس وقت ان فٹ ہیں اور ان کی مکمل فٹنس میں مزید وقت لگے گا۔ جبکہ پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے نوجوان فاسٹ بولر علی رضا، جو پی ایس ایل میں ابھر کر سامنے آئے، کو بھی قومی ٹیم میں شامل کیے جانے کے امکانات معدوم ہیں کیونکہ انہیں بینائی کے مسائل کا سامنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق علی رضا کو فلڈ لائٹس میں گیند دیکھنے میں دشواری پیش آتی ہے اور وہ اس وقت آئی اسپیشلسٹ سے علاج کروا رہے ہیں۔ سلیکشن پالیسی میں اس وقت بڑا رد و بدل جاری ہے اور قومی ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی کے بجائے نوجوانوں کو زیادہ مواقع دیے جا رہے ہیں۔ ایسے میں محمد رضوان کی ٹیم میں واپسی کا معاملہ مزید غیر یقینی صورتحال اختیار کر چکا ہے۔