نائن زیرو پر آپریشن کے دوران 6 انتہائی مطلوب ملزمان سمیت 20 افراد گرفتار: ترجمان رینجرز
نائن زیرو پر رینجرز آپریشن کے بعد بھاری مقدار میں پکڑا جانے والا اسلحہ میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔ترجمان سندھ رینجرز کرنل طاہر نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعد نائن زیرو اور اطراف کے علاقوں میں کارروائی کی گئی، کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں غیر ملکی اور نیٹو کنٹینرز سے چوری شدہ اسلحہ برآمد ہوا، اس قسم کا اسلحہ بھی برآمد ہوا جس کا پاکستان میں لانا ہی ممنوع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران ٹارگٹ کلر اور جرائم پیشہ افراد سمیت بیس افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں صحافی ولی بابر کے قتل کے الزام میں مطلوب خالد عرف موٹا سمیت چھے ملزمان بھی شامل ہیں - کرنل طاہر کا کہنا تھا کہ کوئی رکن قومی یا صوبائی اسمبلی کو حراست میں نہیں لیا گیا، البتہ عامر خان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے، خورشید میموریل سیکرٹریٹ کو سیل کردیا گیا ہے ۔ ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، کسی بھی قسم کا نقص امن برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ٹرانسپورٹرز اور تاجر حضرات اپنا کاروبار کھلا رکھیں۔