بھارت فنانشل ایکشن ٹاسک فورس میں پاکستان کیخلاف لابنگ کررہا ہے: وزیر خزانہ اسد عمر
وزیر خزانہ اسد عمر نے کہاہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی جائزہ تنظیم میں بھارت کی موجودگی کے حوالے سے پاکستان کے تحفظات حقیقی اورجائزہیں۔ انہوں نے آج اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت فنانشل ایکشن ٹاسک فورس میں پاکستان کے خلاف لابنگ کررہا ہے اورپاکستان کو بلیک لسٹ کرانا چاہتا ہے انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک نے مختلف کمپنیوں کے ذریعے بھی لابنگ کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے بھارت کی بے دخلی کا مطالبہ کیا ہے۔ادھروزیر خزانہ اسد عمر نے آج اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اور پاکستان سٹاک مارکیٹ سمیت تمام ریگولیٹری اداروں پر زور دیا کہ وہ کارپوریٹ سیکٹر کو مکمل سہولتیں فراہم کریں تاکہ ان کی پیداوار اور ملکی معیشت میں ان کی خدمات میں اضافہ ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کاروباری ماحول بہتر بنانے کیلئے کارپوریٹ قوانین میں ترامیم کی جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر کو چلانے کیلئے بنیادی طریقہ کار میں بھی تبدیلی کی جائے گی تاکہ مطلوبہ اہداف حاصل کئے جاسکیں۔ اسد عمر نے کہا کہ حکومت سرکاری اداروں میں نظم و نسق بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ چند اداروں کے سوا اس شعبے میں نظم ونسق کا کوئی نظام نہیں انہوں نے کہاکہ ہمیں سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے تربیت یافتہ اورماہر افراد کی ضرورت ہے۔سرکاری اور نجی اداروں کا موازنہ کرتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہا کہ سرکاری اداروں میں خریداری کا طریقہ کار انتہائی پیچیدہ ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے اب خریداری کے کثیرجہتی قواعد و ضوابط کی تبدیلی کیلئے کابینہ سے منظوری لی ہے۔