ایم این اے اور سینیٹر سرکاری رہائش گاہ کا کتنا کرایہ دیتے ہیں لسٹ جاری۔
رکن سینیٹ چار ہزار، رکن قومی اسمبلی سرکاری رہائش گاہ کا آٹھ ہزار روپے کرایہ دیتا ہے۔ یہ کرایہ ان کی تنخواہوں سے منہا کیا جاتا ہے۔ ہاؤس رینٹ الاؤنس بھی ارکان پارلیمنٹ وصول کرتے ہیں۔ اس امر کی تصدیق جمعرات کو پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں بھی ہوئی۔ اجلاس میں کراچی سٹیل ملز کے سابقہ چیئرمینوں کی طرف سے دگنی مراعات کی وصولی سے متعلق آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔ سابق چیئرمین سٹیل مل لیفٹیننٹ جنرل، (ر) عبدالقیوم خان نے کہا کہ اگر سٹیل مل میں ایسی صورتحال رہی ہے تو ارکان پارلیمنٹ بھی ہاؤس رینٹ الاؤنس اور اقامت گاہوں کی سہولت بھی حاصل کرتے ہیں۔ تاہم کرایہ منہا ہو جاتا ہے۔ رکن سینیٹ چار ہزار کرایہ ادا کرتا ہے۔ خصوصی کمیٹی کے کنوینئر سردار ایاز صادق نے تصدیق کی کہ رکن قومی اسمبلی پارلیمنٹ لاجز کی اقامت کا آٹھ ہزار روپے کرایہ ادا کرتا ہے۔