ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی

پی ایس ایل 8 کے 28ویں میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 رنز سے شکست دے دی۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے دیے گئے 263 رنز کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بناسکی۔ عمیر یوسف اور افتخار احمد کی نصف سنچریاں بھی کوئٹہ کو شکست سے نہ بچاسکیں دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 67 اور 53 رنز بنائے۔ عمر اکمل 28 رنز بنا کر عباس آفریدی کا نشانہ بنے جبکہ کپتان محمد نواز 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی نے ہیٹ ٹرک کی اور پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، احسان اللہ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل ملتان سلطانز نے عثمان خان کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے اور گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 263 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اوپنر عثمان خان اور کپتان محمد رضوان نے 157 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، عثمان خان نے پی ایس ایل تیز ترین سنچری اسکور کی اور 43 گیندوں پر 120 رنز کی اننگز کھیلی۔