شدید گرمی کے ستائے شہری ٹھنڈی ہواؤں اور ہلکی بارش سے نہال ہوگئے۔

مئی کی شدید دھوپ اور گرمی کے ستائے عوام کو بالآخر خوشخبری مل گئی، ملک کے مختلف علاقوں میں علی الصبح ہونے والی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا، صبح سویرے وہاڑی اور گردو نواح میں ٹھنڈی ہواؤں سے گرمی کی شدت میں کمی آئی تو ہلکی بارش نے موسم اور بھی سہانا کردیا، ایسے میں شہری بھی اپنے کاموں کی فکروں سے آزاد ہو کر موسم کا لطف لیتے رہے، ادھر لاہور اور گردو نواح کے علاقوں میں رات کی آندھی کا اثر صبح بھی دیکھا گیا، جس کی وجہ سے ماحول میں ٹھنڈک کا احساس نمایاں رہا، ملکہ کوہسار مری میں وقفے وقفے سے ہونے والی ہلکی بارش نے سیاحوں کے آنے کا مقصد پورا کردیا، تو شہر قائد میں بھی ابر آلود مطلع سے ہیٹ سٹروک کا خطرہ ٹل گیا محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش لوگوں کو سکھ کا سانس لینے کا موقع بھی فراہم کرے گی۔