ایم کیو ایم قائد کے خلاف ازسرنوریڈ وارنٹ بھیجنے تھے جس پر تیزی سے کام ہو رہا ہے,وزیر داخلہ چودھری نثار

اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ متحدہ قائد کےریڈ وارنٹ کے لیے کام جاری ہے جو جلد مکمل ہوجائے گا،ایم کیو ایم قائد کے خلاف کچھ دستاویزات صوبوں سے لینی ہیں، پندرہ جون سے پہلے ریڈ وارنٹ انٹر پول کو جاری ہوجائیں گے۔ انسانی سمگلنگ کے حوالے سے وزارت داخلہ کے اقدامات پر بات کرتے ہوئے چودھری نثار کا کہنا تھا کہ ہیومن ٹریفکنگ سے پاکستان کے نام کی بے حرمتی ہوتی ہے۔ ملک سے بھاگے ہوئے انسانی سمگلرز کے شناختی کارڈز کو منسوخ کیا جارہا ہے۔ اس مکروہ دھندے میں ملوث بہت سے افراد کو گرفتار بھی کیا جاچکا ہے، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران ساڑھے تین لاکھ شناختی کارڈز بلاک کئے جس میں سے ایک لاکھ چیالیس ہزار شناختی کارڈ عارضی طور پر بحال کیے جارہے ہیں، چودھری نثار کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان جانے والوں کے لیے این او سی کی شرط ختم کر دی گئی ہے،اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جلد جاری کردیاجائےگا تاہم غیر ملکیوں کو گلگت بلتستان جانے کے لیے این او سی لینا ہوگا