مرغی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، شہریوں نے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
رمضان المبارک سے قبل ہی مرغی کی قیمتوں کو پر لگ گئے جس کے باعث شہریوں نے سوشل میڈیا پرمہم کے بعد مرغی کے گوشت کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ کراچی کے بازاروں میں چکن شاپس پر سناٹے، دکاندار سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔مرغی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، رمضان المبارک سے قبل ہی گوجرانوالہ اور کوئٹہ میں برائلر مرغی کا گوشت 300 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ کراچی میں مرغی کا گوشت 320 سے 360 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا، لاہور میں بھی مرغی کے گوشت کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ اس اضافے کے بعد سوشل میڈیا پر 17 سے 19 مئی تک مرغی کے بائیکاٹ پر ابھی سے شہریوں نے عمل درآمد شروع کر دیا ہے، بائیکاٹ کے باعث کراچی کے بازاروں میں چکن شاپس پر سناٹے دیکھنے میں آئے اور دکاندار سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔